مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا ذہنی توازن درست نہیں۔ ان کا علاج ضروری ہے۔میر نادر علی مگسی

Mir  Nadir Ali Magsi
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا ذہنی توازن درست نہیں۔
 صوبائی وزیر خوراک میر نادر علی مگسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا ذہنی توازن درست نہیں۔ ان کا علاج ضروری ہے۔ وہ ضلع قمبر علی خان کے بینظیر بھٹو پارک میں بینظیر بھٹو پریس کلب قمبر کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے۔ نادر علی مگسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) رائے ونڈ الائنس بناسکتی ہے گرینڈ الائنس ان کے بس کا روگ نہیں جنہوں نے جنرل مشرف کو ایک مرتبہ نہیں بلکہ دو مرتبہ معافی نامہ لکھ کر دیا یہی دونوں لیڈر ایک مرتبہ نہیں بلکہ دو مرتبہ ملک سے راہ فرار اختیار کرچکے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نادر علی مگسی نے بینظیر پارک کی تزئین و آرائش کیلئے 5 لاکھ روپے کی گرانٹ پریس کلب کیلئے چار موٹر سائیکلیں، اخباری ہاکروں کو 10 سائیکلیں دینے، شہید بینظیر بھٹو پریس کلب کے فرسٹ فلور کی تعمیر کے ساتھ صحافیوں کو بین الصوبائی دورہ کرانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر ارشاد علی لاکھو نے سندھ کی روایتی ثقافت ٹوپی اور اجرک صوبائی وزیر کو پیش کی جبکہ پریس کلب کے نائب صدر آفتاب احمد شیخ نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے سپاس نامہ پیش کیا۔ حلف برداری کی تقریب سے ایم این اے میڈم فریال تالپور، کوآرڈینیٹر احمد یار کارڑو، ارشاد علی لاکھو اور مجیب الرحمان بھٹو سمیت غلام قادر پھلپھوٹو نے بھی خطاب کیا۔


ڈیزرٹ جیپ ریس سندھ کے صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے جیت لی۔
 جھل مگسی میں منعقدہ ڈیزرٹ جیپ ریس سندھ کے صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے جیت لی۔ ریس کا افتتاح گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کیا۔ ریس کی چار کیٹگریز میں مجموعی طور پر 51 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اے کیٹگری سندھ کے صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے جیت لی، بی کیٹگری رانا سمیر، سی کیٹگری حسن مگسی اور ڈی کیٹگری میں محمد رفیق کامیاب ہوئے۔ ریس میں دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا جبکہ ترکی کی گاڑی حادثے کے باعث ریس سے باہر ہوگئی۔